طیب اردوان کی جماعت کی ای میلز لیک کرنے پرترکی میں وکی لیکس کی ویب سائٹ بند کر دی گئی
انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی میں بغاوت کی کوشش کے بعد وکی لیکس کی ویب سائٹ کوبند کر دیا گیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کی حکمران جماعت کی ای میلز جاری کرنے کے بعد ترکی میں وکی لیکس کی ویب سائٹ بند کر دی گئی ہے۔ حکمران پارٹی کی 3لاکھ ای میلز وکی لیکس کی ویب سائٹ پر آئی تھیں ۔
وکی لیکس انتظامیہ نے ترک صدر طیب اردوان کی حکمران جماعت ’’جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی‘‘ ای میلز ہیک کر کے انہیں لیک کر دیا تھا تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان ای میلز کے مواد تک رسائی کو بھی بلاک کیا گیا ہے یانہیں ؟ اس سے قبل وکی لیکس انتظامیہ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے ترکی کے سیاسی پاور سٹرکچر کے حوالے سے اہم دستاویز ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا تھا جب ترکی میں فوجی باغیوں کی بغاوت کو ناکام بنایا گیا جس کے بعد حکومت ہل کر رہ گئی ۔
وکی لیکس نے اپنے اس منصوبے کا انکشاف ٹویٹر پر کیا تھا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ ان ای میلز کے منظر عام پر آنے کے بعد ترکی سمیت دنیا میں کھلبلی مچ جائے گی ۔
No comments:
Post a Comment