قندیل بلوچ کے قتل کا مقدمہ وسیم اور اسلم شاہین کے خلاف درج
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا سے شہرت پانے والی ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق یہ مقدمہ قندیل بلوچ کے بھائی وسیم اور اسلم شاہین کے خلاف درج کیا گیاہے۔رپورٹ کے مطابق قندیل بلوچ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ وسیم نے بڑے بھائی کے کہنے پر قندیل کو قتل کیا۔ پولیس نے قندیل بلوچ کے والد اور والدہ کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قندیل بلوچ کے قتل میں صرف ایک بھائی کے ملوث ہونے کی بات کی گئی تھی اور ان کے والد عظیم نے پولیس کو بیان میں بتایا تھا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بیٹے وسیم کے ہمراہ چھت پر سو رہے تھے جبکہ قندیل کمرے میں تھی کہ رات کو تین بجے کے قریب وسیم چھت سے نیچے اترا اور قندیل کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔
تاہم اب ان کے والد نے اپنے بیان میں اسلم شاہین کا نام بھی لیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے کہنے پر وسیم نے قندیل بلوچ کا قتل کیا ہے۔ پولیس نے دونوں کو مقدمے میں نامزد کر کے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔
No comments:
Post a Comment